نئی دہلی(نیٹ نیوز ) بھارت نیو انڈیا کے بیانیے کی آڑ میں پاکستان اور چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی دھمکیوں پر اتر آیا ۔بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سکیورٹی کے لئے خطرہ بننے والوں سے اپنی سر زمین پر بھی لڑے گا اور یہ جنگ اُن ملکوں کی سرزمین تک لے جائے گا جہاں سے یہ خطرات سر اٹھا رہے ہیں۔اجیت دوول نے دعویٰ کیا کہ اُن کے ملک نے پہلے کبھی حملہ نہیں کیا بلکہ ہمیشہ اپنے دفاع میں کارروائی کی، نئی تزویراتی سوچ بچار کے مطابق سکیورٹی خطرات کو ختم کرنے کیلئے آگے بڑھ کر بھی اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔اجیت دوول نے کہا یہ ضروری نہیں کہ ہم وہیں لڑیں جہاں آپ چاہتے ہیں، بھارت لڑائی کو وہاں لے جائے گا جہاں سے خطرہ پیدا ہورہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا بھارت ایک تہذیبی ریاست ہے جس کی بنیاد مذہب، زبان یا عقیدے پر نہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اجیت دوول اپنے بیانیے جسے وہ نیو انڈیا کا نام دیتے ہیں، آگے بڑھا رہے ہیں اور بھارت کے چین کے ساتھ تنائو کے تناظر میں بیان کو اہمیت دی جارہی ہے ۔