لاہور (انٹر ویو : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری ) طالبان حکومت کو اب افغانستان میں کوئی خطرہ نہیں ، پنج شیر کا مسئلہ حل ہو چکا، احمد مسعود کو طالبان نے مہمان بنا کر رکھا ہوا ہے ۔بھارت کی ساڑھے چار بلین ڈالر کی انوسٹمنٹ افغانستان میں ڈوب گئی ہے وہ تو واویلا کرے گا، داعش اور دوسرے دہشت گرد گروپوں کو جلد طالبان ختم کر دیں گے ، طالبان ازبک، ہزارہ اور تاجک برادری کو اقتدار میں حصہ دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق آ رمی چیف جنرل (ر)اسلم بیگ نے روزنامہ92نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ جنرل (ر) اسلم بیگ نے مزید کہا کہ طالبان کا افغانستان پر مکمل طریقہ سے کنٹرول ہو چکا ، طالبان نے بڑے دل کے ساتھ جو لوگ ان کے خلاف لڑے بھی ہیں ان کو معاف کر دیا ہے ، طالبان برابری کی بنیاد پر انصاف کر رہے ہیں ۔ طالبان جو حکومت بنا رہے ہیں وہ سب کیلئے قابل قبول ہے ۔ امر اﷲ صالح ایک کمزور آ دمی تھا اس کو جانے دیا گیا ۔ جہاں تک احمد مسعود کی بات ہے طالبان نے اس کو پکڑ کے چھپایا ہوا اور اس کو اپنا مہمان بنایا ہوا ہے کیونکہ طالبان کو معلوم ہے کہ ان کے دشمن زیادہ ہیں اگر احمد مسعود کو جانے دیا گیا تو تاجکستان ان کو استعمال کر سکتا ہے ۔ بھارت کی افغانستان میں تمام سازشیں ختم ہوگئی ہیں، بھارت کو امریکہ نے پاکستان کے خلاف اور خطہ کے دوسرے ممالک کے خلاف سازشیں کرنے کیلئے پوراسسٹم بنا کر دیا ہوا تھا ۔ اسی سسٹم کے ذریعہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا تھا ۔ اب بھارت کی سازشیں بند ہو گئی ہیں ، طالبان نے بھارت کو مکمل طور پر وہاں جکڑ لیا ہے ۔ بھارت وہاں ناکام ہو گیا ، بھارت نے افغانستان میں معدنیات کی تلاش کیلئے ساڑھے چار بلین ڈالر کی انوسٹمنٹ کی ہو ئی ہے ۔ وہ انوسٹمنٹ بھی ڈوب گئی ہے ۔ امریکہ کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی منہ کی کھانی پڑی ہے ۔