اسلام آباد (غلام نبی یوسف زئی)سپریم کورٹ کے جج جسٹس شیخ عظمت سعید آج 65سال کی عمر کی آئینی حد تک پہنچنے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے جبکہ خالی ہونے والی نشست پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو لائے جانے کا امکان ہے ۔جسٹس عظمت سعید کے اعزازمیں آج فل کورٹ ریفرنس کورٹ روم نمبر ایک میں ہوگا جس میں اٹارنی جنرل ،عدالتی افسران ، سٹاف ، وکلاشریک ہوں گے ۔جسٹس شیخ عظمت سعیدنے یکم جون 2012ئکو عدالت عظمی کے جج کے طور پر حلف اٹھا یا، وہ ایک بار30جولائی سے 3اگست 2019ئتک قائم مقام چیف جسٹس بھی بنے ۔جسٹس عظمت سعید رواں برس ریٹائرہونے والے عدالت عظمی کے دوسرے جج ہیں، رواں برس کے د سمبرمیں موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی ریٹائر ہوجائیں گے ، ان کی جگہ جسٹس گلزار احمد فائز ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی ہوئی تو وہ پاکستان کی عدالتی تاریخ میں سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج ہوگی۔وہ پرویز مشرف کے خلاف سنگیں غداری کیس کی سماعت کرنے والی سپیشل کورٹ کی پریزائڈنگ افسر بھی ہیں۔