صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت قانون نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کے نئے چیف جسٹس کے طور پر تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے‘ وہ 18جنوری کو پاکستان کے نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔ ان کا شمار ملک کے انتہائی تجربہ کار منصفوںاور قابل ترین قانون دانوں میں ہوتا ہے۔ مشرف دور میں جب آئین معطل کر کے ایمرجنسی نافذ کی گئی توجسٹس آصف سعید کھوسہ بھی ان ججز میں شامل تھے جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ آصف سعید کھوسہ عدالت عظمیٰ میں جج کی حیثیت سے کئی فاضل بنچوں کا حصہ رہے اور متعدد ایسے اہم مقدمات کے فیصلے سنائے جو عدلیہ کے وقار کا باعث بنے۔ بطور چیف جسٹس آف پاکستان ان کا تقرر نہ صرف اعلیٰ عدلیہ بلکہ ماتحت عدالتوں کے لئے بھی نیک شگون ہے ۔ان کے تقرر کا قوم اور قانون و انصاف کے حلقوں میں خیر مقدم کیا گیا ہے۔ ان کے دور منصفی کے دوران نہ صرف عدلیہ کا احترام اور وقار مزید بلند ہو گا بلکہ عصر حاضر میں موجودہ چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثار نے عدل و انصاف کی جو شاندار روایت قائم کی ہے، وہ آگے بڑھے گی اور انصاف کا بول بالا ہو گا۔ امید ہے ماتحت عدلیہ میں اصلاحات کی جائیںگی اور زیر التواء مقدمات کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔