اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر ہماری کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں، عالمی برادری نے جس طرح کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا وہ غیر معمولی ہے ۔وزیر اعظم کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے ’’کشمیر سیل‘‘ کا تیسرا اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر خارجہ نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموںاور عالمی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ،58ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے ،یورپی یونین کی طرف سے بھی مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے ، اب کشمیر پہلی دفعہ یورپی پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔فردوس عاشق نے کشمیر میں بدترین مظالم دنیا بھر کے سامنے لانے کیلئے میڈیا کو بروئے کار لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں ۔ شرکا نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے بھارتی مظالم پر اقوام عالم کی توجہ مبذول کرانے پر وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔