اسلام آباد،کراچی،ملتان، لاہور،فیصل آباد ، پشاور (سپیشل رپورٹر،کامرس رپورٹر،وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ، خصوصی رپورٹر،نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی،صباح نیوز) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 2فیصد مارجن کے خلاف آج سے ملک گیر ہڑتال کااعلان کر دیا ۔ اعلامیہ کے مطابق آج صبح 6بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے ، پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے بتایاکہ گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور چترال میں بھی پٹرول پمپس بند رہیں گے ۔ ادھر حکومت کی جانب سے رابطہ کرنے کے باوجود پٹرولیم ڈیلرز نے آج سے ملک بھر میں ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد محمود نے گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز عبدالسمیع کو فون کیا اور مطالبات کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا۔ عبدالسمیع خان نے کہا کہ سمری کے نکات معلوم نہ ہونے تک ہڑتال واپس نہیں لیں گے ہڑتال ہر صورت ہوگی۔حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے ، ڈیلر مارجن 6 فیصد کرنے تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے ۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ہم پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور ان کے مارجن پر نظرثانی کے حوالے سے سمری ای سی سی میں پہلے ہی پیش کی جا چکی ، آئندہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ترجمان وزارت پٹرولیم کے مطابق آج ملک بھر میں تمام پی ایس او، شیل، ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے پٹرول پمپ کھلے رہیں گے ۔ادھر پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن ملتان کے جنرل سیکرٹری ملک اقبال نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہڑتال کے اعلان کے بعد شہریوں نے گاڑیوں کی ٹینکیاں فل کرانا شروع کردیں ۔دریں اثناآئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی کے مطابق 80 فیصد پٹرول پمپ کھلے رہینگے ۔26 ہزار آئل ٹینکرز ملک بھر میں سپلائی جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مسائل میں ہیں بلاجواز ہڑتال کرکے مزید مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتے ۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے خبردار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں خلل ڈالنے یا تعطل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ صورتحال کی مانیٹرنگ کے لیے انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔لاہور میں تمام پٹرول پمپس پر شہریوں کی لمبی لائنیں لگ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے جینا محال کر دیا ، اب پٹرول بھی نایاب ہو گیا ۔خواجہ عاطف جنرل سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال پورے ملک میں ہوگی۔جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے ، ہڑتال جاری رہے گی۔لاہور میں 360 کے قریب پیٹرول پمپ ہیں جن میں سے آج 70 سے 80 فیصد پٹرول پمپ بند ہوں گے ۔فیصل آباد،سرگودھا ،پشاورسمیت ملک بھر میں پمپوں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں ۔اور پٹرول 200روپے لٹر فروخت ہوتا رہا۔