اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،92 نیوز رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے ، ہم ایسے شرمناک قبضہ شدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ ا پنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھاکہ پنجاب اسمبلی کا واقعہ تمام جمہوری اصولوں اور آئین کے خلاف تھا، ایوان میں کوئی نہیں تھا جو فرضی الیکشن کنڈکٹ کرا رہا ہو، معمول کے عمل کی خلاف ورزی کی گئی۔سابق وزیراعظم نے کراچی جلسے کی نہایت پرجوش اور یادگارحمایت پر اہلِ کراچی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مقامی سہولت کاروں اور بدعنوان سیاسی مافیا کی معاونت سے حکومت کی تبدیلی کی امریکی سازش کیخلاف پاکستان کی خودمختاری و جمہوریت کی جنگ ہے ۔فواد چودھری نے ہنگو الیکشن میں کامیابی پر ٹویٹ کرتے کہا ہے کہ کامیابی پر کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی اس کے باوجود ملی کہ کارکنوں کو پتہ ہے کہ کامیابی کے بعد ندیم نے حلف لے کر استعفیٰ دے دینا ہے ، لیڈر شپ پر ایسے اعتماد کی مثال نہیں ملتی ۔ایک اور ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہاہے کہ پشاور اور کراچی نے بتا دیا ملک نرم انقلاب کیلئے تیار ہے ، امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کی کال آنے والی ہے ۔ تیار رہو اور عمران خان کے اعلان کا انتظار کرو۔ شہباز شریف اور حمزہ شریف دونوں 40ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے جرم میں ضمانت پر ہیں ، عدالت نے لمبی تاریخ دی کہ جاؤ پاکستان کے وزیر اعظم بن جاؤ، اگر کوئی جج دونوں کی ضمانتیں منسوخ کردے تو ملک میں ڈمی بھی وزیر اعظم نہیں ہو گا۔ اسد عمر نے بھی اہل کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ کراچی نے کبھی اپنے کپتان کو مایوس نہیں کیا۔ آپ نے پھر ثابت کر دیا کے کراچی نیا پاکستان بنانے میں اپنے کپتان کے ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا۔