لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خوراک سمیع اﷲ چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کے پاس گندم کے وافر مقدار میں ذخائر موجود ہیں۔محکمہ خوراک پنجاب ہر صورت اور ہر ممکن حالات میں اس گندم کا آٹا سپلائی کرنے کے لئے تیار ہے ۔پنجاب کے عوام کو بالکل فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ جو لوگ آٹے کے معاملے پر افواہیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ اپنے ارادوں میں ناکام ہوں گے ۔جو لوگ اپنی ضرورت سے زیادہ آٹا خرید رہے ہیں انھیں اپنے باقی بھائیوں کا خیال کرتے ہوئے ایسا قطعا نہیں کرنا چاہیے ۔ جو مخیر حضرات آٹے کے چار چار سو تھیلے خرید کر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔محکمہ خوراک انکو بھی یہ آٹے کے تھیلے دینے کے لیے تیار ہے ۔حکومت پنجاب اور محکمہ خوراک مل کر اپنے قائد وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔