لاہور،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ،ایجنسیاں ) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ جاتی امرا کا اصل نام موضع مانک ہے ،شریف خاندان کا پنجاب حکومت سے نہیں پرائیویٹ پارٹی سیمعاملہ ہے ،جاتی عمرہ پر کسی آپریشن کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی جبکہ ن لیگ نے کہا ہے کہ را ئیونڈ گھر کو کوئی نقصان ہوا تو عمران صاحب، شہزاد اکبر اور پنجاب حکومت ذمہ دار ہوں گے ۔تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ موضع مانک میں 839 کنال سرکاری زمین لوگوں کو غیر قانونی طورپر منتقل کی گئی، حکومت نے وہ منسوخ کر دی،سرکاری زمین کسی کے نام منتقل نہیں کی جا سکتی، سستی شہرت کے لیے کہا گیا کہ پنجاب حکومت آپریشن کرنے جارہی ہے ، کل سے سنسنی پھیلانے کی کوشش ہو رہی ہے ، میرا نام لے کر باتیں کی جارہی ہیں، دو دن سے ن لیگ کی جانب سے مجھ پر بارش کی جارہی ہے ،لاہور کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ کی پڑتال ہوئی تو پتہ چلا کہ 1966،67 میں موضع مانک میں حکومت پنجاب کی 839 کنال اراضی تھی آج ایک مرلہ بھی نہیں،موضع مانک میں بہت سی زمین 1989 اور 1994 میں ٹرانسفر ہوئی، کوئی نہیں کہہ رہا کہ شریف خاندان نے غیر قانونی طریقے سے زمین اپنے نام کرائی، ریکارڈ خود بولتا ہے ، ریکارڈ تبدیل نہیں کیا جا سکتا، شریف خاندان نے کاغذوں میں وحیدہ بیگم سے زمین خریدی ہے ، شریف خاندان کا کلیم وحیدہ بیگم کے ورثا سے بنتا ہے ،بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ ریکارڈ درست کیا جائے ، کسی جگہ کنٹینر نہیں لگائے گئے ، نیلی بتی کہیں بھی دیکھ کر چور ڈر جاتا ہے ۔ کنٹینرز کو دیکھ کر بھی یہی کچھ ہوا۔ مسماری کنٹینر سے نہیں بلڈوزر وغیرہ سے کی جاتی ہے جبکہ مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب رائے ونڈ سے متعلق عدالتی حکم امتناعی کا احترام کریں اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے باز آئیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بہادر کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے حکومتی غنڈہ گردی کا پلان ناکام بنا دیا،عمران صاحب سیاسی انتقام میں بدنیتی اور کم ظرفی کے پاتال میں گر چکے ہیں۔ احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو نفسیاتی معائنہ کرانے کا مشورہ دے دیا۔ ماڈل ٹائون پارٹی سیکرٹریٹ میں رانا ثنائ،عطا تارڑ، عظمیٰ بخاری،سمیع اللہ خان اور رانا ارشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نیشنل سکیورٹی کے لئے خطرہ بن چکی، وزارت عظمیٰ کیلئے فٹ نہیں ، پاکستان کی معاشی تباہی اس حکومت کے ہاتھوں میں ہے ، عمران خان اپنے حسد کے لیے ملک کو داؤ پر لگا رہے ہیں، اب وقت آگیاہے کہ وزارت عظمی پر بیٹھے عمران خان کا نفسیاتی معائنہ کرایا جائے ، ملک میں سوشل میڈیا کو بلاک اور تنظیموں کو کالعدم قرار دیا جارہا ہے ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈر ہے شہزاد اکبر یہ نہ کہہ دیں 1947 کے ریونیو ریکارڈ میں پاکستان کا نام نہیں۔انہوں نے چیف سیکر ٹری پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریڈ لائن کراس نہ کریں، ریاست کے ملازم بنیں، کل آپ کو جواب دینا ہوگا، آپ نے ادھر ہی رہنا ہے آپ کے بچے ادھر ہی ہیں، آپ سلیکٹڈ ٹولے کے ہتھیار نہ بنیں، آپ نوٹس جاری کئے بغیر یہ کام نہیں کرسکتے تھے ، رات جو یہ ڈرامہ کرنا چاہتے تھے وہ بری طرح ناکام ہوا،آئندہ اس قسم کا غیرقانونی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا، بھرپور مزاحمت کریں گے ، نقصان کی ذمہ داری سلیکٹڈ حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرنیوالوں پر ہوگی۔