مکرمی! گرمی اور حبس کے اس موسم میں دن میں کئی بار بجلی کا غائب ہونا تو معمول ہے لیکن رات کو دو دو مرتبہ گھنٹے گھنٹے کیلئے بجلی بند کرکے عوام کو ذہنی اذیت کا شکار کیا جارہا ہے۔ بچوں نے سکول اور بہت سے لوگوں نے صبح کو دفتر یا کام پر جانا ہوتا ہے۔ آدھی رات کو بجلی بند ہونے کی وجہ عوام ذہنی اذیت کا شکار ہورہے ہیں۔ طرفہ تماشا یہ ہے کہ گھنٹوں بجلی نہ ہونے کے باوجود بلوں میں کوئی کمی نظر نہیں آتی‘ تین تین ‘ چار چار ہزار کے بل اس طرح بھیجے جاتے ہیں جیسے چوبیس گھنٹے عوام کو بجلی کی سہولت دستیاب ہے۔ خدارا عوام پر کچھ رحم کریں۔ انہیں باقاعدگی سے بل ادا کرنے کی سزا نہ دیں۔ لیسکو حکام سے درخواست ہے کہ وہ کم از کم گرمی اور حبس کے اس موسم میں رات کو تو لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو پریشان نہ کرے۔ (محسن خان‘ لاہور)