مکرمی ! پاکستان میں روڈ ایکسیڈنٹ کی شرح دیگر ممالک کی نسبت کہیں زیادہ ہے جہاں ایک اندازے کے مطابق ہر سال پچیس سے تیس ہزار افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کھو دیتے ہیںاور ہزاروں افراد شدید زخمی اور مستقل طور پر معذور ہو جاتے ہیں۔ صرف صوبہ پنجاب کی سڑکوں پر روزانہ اوسطاً 700 ٹریفک حادثات ہوتے ہیں ، جن میں ہر روز اوسطاً آٹھ لوگ جاں بحق ہوتے ہیں ۔ ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں تیزی رفتاری، غیر محتاط ڈرائیونگ، سڑکوں کی خستہ حالی،گاڑی میں خرابی،اوورلوڈنگ ، ون وے کی خلاف وزری، اورٹیکنگ، اشارہ توڑنا، غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز ، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ، نو عمری میں بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ، بریک کا فیل ہوجانا اور زائد مدت ٹائروں کا استعمال شامل ہے۔ اس کے علاوہ نو عمر افراد اپنے پرجوش روئیے کی وجہ سے ٹریفک قوانین کی پاسداری نہیں کرتے اور ٹریفک علامات کے سائن ، اور اصولوں کو نظر انداز کردیتے ہیں، بلکہ اکثر نوجوانوں تربیت یافتہ ہی نہیں ہوتے، اور ان میں موجود میں تیز رفتار گاڑی چلانے کا جنون بے شمار حادثات کا باعث بنتاہے۔روزبروز بڑھتی ٹریفک کے ساتھ ٹریفک حادثات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث ہے ہمیں ٹریفک حادثات کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہیے اور حکومتی سطح پر ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی کے لئے کئے گئے اقدامات میں معاونت کرنا چاہئے، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ (رانا اعجاز حسین چوہان)