فیصل آ باد، جڑانوالہ،مکوآنہ(خصوصی رپورٹر، تحصیل رپورٹر، نامہ نگار)جڑا نوالہ میں پولیس نے شہری کو اسلحہ کے بٹ مار کر قتل کر دیا ، جس پر ورثاسر اپا احتجاج بن گئے اورپولیس چوکی مکو آنہ کو نذر آ تش کر دیا۔آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔گزشتہ روز کھرڑیانوالہ کے نواحی گاؤں 229 ر۔ب مکوآنہ پرانی آبادی میں مقصوداورہمسائیوں کے بچے گلی میں کھیل رہے تھے کہ آپس میں معمولی بات پر جھگڑا ہو گیا، جس پر ہمسائیوں نے پولیس طلب کر لی۔ پولیس جب مقصود کے گھر بلا اجازت گھسی تو اہل خانہ نے مزاحمت کی۔اس دوران پولیس اہلکاروں نے مقصود کو سر کے عقب میں رائفل کا بٹ مار کر شدید زخمی کرڈالااورفرار ہو گئے ، اطلاع ملتے ہی اہل دیہہ کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور مقصودکو ہسپتال منتقل کر نے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑگیا۔جس پر مقتول کے ورثا مشتعل ہو گئے اور چوکی مکو آنہ کو نذر آ تش کر دیا ، بعد ازاں نعش کو مکو آنہ چوک میں رکھ کر شد ید احتجاج کرتے ہوئے ایس ایچ او سٹی جڑا نوالہ کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی اور سنیئر پولیس افسروں نے مذاکرات کرکے مظا ہرین کو منتشر کیا۔آئی جی پنجاب نے واقعہ کی رپورٹ سی پی او سے طلب کر لی ہے ۔