جڑانوالہ،بچیانہ،فیصل آباد ،لاہور(تحصیل رپورٹر، نمائندہ 92نیوز،سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے علاقہ تھانہ لنڈیانوالہ میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے دن دہاڑے مسافر وین پر فائرنگ کرکے دوبھائیوں سمیت پانچ افراد کو قتل اور پانچ کو زخمی کردیا،موٹرسائیکل سوار ملزم فرار ہوگئے ۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز تھانہ لنڈیانوالہ کے نواحی علاقہ 563 گ ب کا رہائشی ادریس اپنے بھائی عبدالرؤف اور بھانجے حسنین کے ہمراہ مسافر وین میں سوار ہو کر ننکانہ سے گھر کی جانب آرہے تھے کہ راستہ میں ننکانہ روڈ چک نمبر 562 گ ب کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار مخالفین نے مسافر وین کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر 2 بھائی عبدالرؤف، ادریس ، انکا بھانجا حسنین ،ویگن ڈرائیورسجاول اور عارف موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کردیا جہاں انکی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ 5افراد کے قتل پر علاقہ میں خوف و ہراس کی لہر پیدا ہوگئی جبکہ ایس پی ٹاؤن ناصر باجوہ، اے ایس پی بلال سلہری ، ایس ایچ اوتھانہ لنڈیانوالہ مناظر حسین لک پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔تاہم لواحقین نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کردیا۔ آخری اطلاعات آنے تک مظاہرین کا احتجاج جاری تھا ۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اورآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے پانچ افراد کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔