اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کے حامی ارکان نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا جس میں جہانگیر ترین کے معاملے کی تحقیقات کیلئے غیرجانبدار تحقیقاتی ٹیم بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے وزیر اعظم سے وقت مانگ لیا ہے ۔خط میں کہا گیا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مخالفین ایک منصوبے کے تحت جہانگیر ترین کی ساکھ کو نقصان پہنچارہے ہیں، ہم کسی تحقیقات کے خلاف نہیں بلکہ شفاف ٹرائل کا مطالبہ کررہے ہیں۔خط پر ایم این ایز راجہ ریاض، خواجہ شیراز، سمیع الحسن، ریاض مزاری، مبین عالم اعوان اور جاوید وڑائچ سمیت 19 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔