ٹوکیو (این این آئی)جاپان کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ وہ مشرق وسطی میں جاپان سے وابستہ بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیلف ڈیفنس فورس کے نام سے فوج بھیجنے پر غور کر رہی ہے ۔ جاپان کا مشرق وسطی میں اس طرح کے کسی آپریشن میں شامل ہونے کا یہ پہلا موقع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق فوج کو خلیج عمان اور شمالی بحیرہ عرب، آبنائے ہرمز اور یمن سے دور بین الاقوامی پانیوں تعینات کیا جائے گا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جاپان کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹوکیو جہاز رانی کے تحفظ کے امریکا کی قیادت میں قائم ہونے والے اتحاد میں شامل نہیں ہوگا۔ جاپانی فوج اپنے طور پر صرف جاپانی جہازوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔جاپانی ٹی وی چینل نے یہ بھی اطلاع دی کہ ان کی سرگرمیوں کا دائرہ آبنائے ہرمزسے باہر کے پانیوں میں ہوگا تاکہ ایران کے ساتھ تنازع سے بچا جاسکے ۔جاپانی میڈیا نے یہ بھی تصدیق کی کہ جاپانی حکومت ان فوجیوں کی تعیناتی کے مناسب وقت کا تعین کرنے کے لیے محتاط انداز میں غور کر رہی ہے ۔ حکام نے زور کہا کہ جاپانی فورس کی سرگرمی خلیج سے دور ہو گی۔ جاپانی افواج کی سرگرمیوں میں خلیج عدن میں افریقی ساحل پربحری قذاقی سے نمٹنا بھی شامل ہوگا۔جاپان اس علاقے میں میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورسز کے گشت والے جہاز اور ہوائی جہاز بھیجنے کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے ۔