اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ،وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک )جاپان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 20 لاکھ ڈالر امداد فراہم کردی۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت جاپان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 20 لاکھ ڈالرگرانٹ فراہم کردی ۔حماد اظہر نے امداد فراہم کرنے پرجاپانی حکومت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد اقوام متحدہ کے فنڈ یونیسف اور مہاجرین کے عالمی ادارے آئی او ایم کے ذریعے کورونا وائرس سے پیدا صورتحال سے نمٹنے کیلئے دی جارہی ہے ۔جاپان نے صحت عامہ کے شعبہ میں منصوبوں کیلئے خرچ نہ ہونے والی گرانٹس میں سے 2.5 ارب روپے مختص کئے ہیں جووباسے نمٹنے کیلئے استعمال میں لائے جائیں گے ۔