ٹوکیو(صباح نیوز) جاپان میں کورونا کی وجہ سے امریکیوں کے داخلہ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ،سفری پابندیوں کے انتباہ کو جلد ہی تیسرے درجے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔جاپان میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے وجہ سے داخلہ ممنوع ممالک کی فہرست میں امریکہ، چین اور جنوبی کوریا کے ساتھ ساتھ یورپ کے بیشتر حصوں اور جنوب مشرقی ایشیا کے بعض حصوں کو شامل کیا گیا ۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان نے امریکہ کے تمام حصوں کے لیے سفری پابندیوں کے انتباہ کو جلد ہی تیسرے درجے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ، جس میں سفر کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ۔حکومت گزشتہ دو ہفتے امریکہ میں قیام کرنے والے غیر ملکیوں کے جاپان داخلے پر بھی پابندی عائد کرے گی۔ یہ اقدا م امریکہ میں انفیکشینز کی تعداد میں تیز اضافے کے تناظر میں اٹھایا گیا ۔حکومت یہی اقدامات، تمام چین اور جنوبی کوریا، برطانیہ سمیت یورپ کے بیشتر حصوں، اور تھائی لینڈ جیسے جنوب مشرقی ایشیا کے بعض حصوں کے لیے اٹھانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ،ان اقدامات کے نتیجے میں دنیا کے تقریبا ایک تہائی ممالک اور خطوں سے آنے والے غیر ملکیوں پر کسی خصوصی ا ستثنیٰ کے بغیر جاپان داخل ہونے کی ممانعت ہو گی۔باقی ماندہ دیگر ممالک اور خطوں کو دوسرے درجے میں رکھا گیا ہے ، جس کے تحت جاپانیوں کو ان ممالک کا غیر ضروری دورہ کرنے سے گریز کرنے کا کہا جائے گا۔