ٹوکیو( آن لائن )معروف جاپانی کار ساز کمپنی 'نسان' نے سابق سربراہ کارلوس گھوسن پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے نیدرلینڈز میں قائم مشترکہ منصوبے سے غیر قانونی ادائیگیوں کی مد میں تقریبا 80 لاکھ یورو وصول کیے ۔ نسان کمپنی نے اس سلسلے میں سابق سربراہ پر رقم وصول کرنے کے لیے مقدمہ چلانے کی دھمکی بھی دی ہی نسان کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ کارلوس گھوسن نے نسان-مٹسوبشی بی وی (این ایم بی وی) سے ذاتی ملازمت کا معاہدہ طے کیا تھا تاکہ نسان مٹسوبشی موٹرز کی اشتراکیت میں ایک ساتھ کام کرنے کے مقاصد کو فروغ دیا جاسکے ۔نسان کمپنی نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت کارلوس گھوسن نے 'این ایم بی وی' فنڈز سے زرتلافی اور دیگر ادائیگیوں کی مد میں 78 لاکھ 22 ہزار 2 سو 6 اعشاریہ 12 یورو (بشمول ٹیکس) وصول کیے ۔کمپنی کا کہنا تھا کہ مذکورہ معاہدے پر نسان کے موجودہ چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ہیروتو سائیکاوا یا مٹسوبشی موٹرز کے سی ای او اوسامو ماسوکو سے مشاروت کے بغیر دستخط کیے گئے تھے ۔نسان کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ نسان کمپنی این ایم بی وی سے وصول کی گئی رقوم کو بدعنوانی سمجھتی ہے اور کارلوس گھوسن سے یہ رقم واپس لینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔