ڈیرہ اسماعیل خان ( نمائندہ 92نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کے سابق ایف آر درازندہ کے گائوں شیخ حیدرمیں دو قبائلی گروپوں میں تصادم کے نتیجہ میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق شیرانی حسن خیل اور دوتانی قبائل کے درمیان جدیداسلحہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے علاقہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر درازندہ سمیع اللہ کے مطابق قبائل میں زمین اور جنگلات پر دیرینہ تنازع چلا آرہا ہے جس پر دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی، دونوں گروپوں کے دو،دو افرادجان کی بازی ہار گئے اور متعدد زخمی ہوگئے ۔صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے لیویز اور پولیس کو علاقہ میں بھیج دیا گیا ۔ آخری اطلاعات آنے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔