لندن ( نیٹ نیوز ) جبل الطارق کی حکومت نے ایران کے تیل بردار جہاز کو عدالتی فیصلے کے باجود مزید تحویل میں رکھنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا۔واضح رہے کہ 15 اگست کو جبل الطارق کی سپریم کورٹ نے تہران کے تیل بردار جہاز کو چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ جبل الطارق کی حکومت نے امر یکہ کو دو ٹوک جواب دیا ہے کہ تہران کے تیل بردار جہاز سے متعلق عدالتی فیصلہ آچکا ہے جس کے بعد جہاز کو تحویل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔انہوں نے مزید کہ ایران پر امریکی پابندیوں کا اطلاق یورپی یونین میں نہیں ہوتا۔علاوہ ازیں امر یکہ کا جبل الطارق پر دباؤ تھا کہ وہ تیل بردار جہاز کو مزید تحویل میں رکھے ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ایران نے تحریری طور پر یقین دلایا کہ تیل بردار جہاز جنگ زدہ ملک شام میں تیل فراہم نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ شام کو خام تیل فراہم کرنا یورپی یونین اور امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے ۔