اسلام آباد(لیڈی رپورٹر، خبر نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ نے ویڈیو سکینڈل میں ملوث جج ارشد ملک کومعطل کرتے ہوئے تادیبی کارروائی کیلئے واپس لاہور ہائیکورٹ بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اﷲ کے حکم پر قائم مقام رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کیا کہ ارشد ملک بادی النظر میں مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے ، انہوںنے پریس ریلیز اوربیان حلفی میں مس کنڈکٹ کا اعتراف کیا ،لاہورہائیکورٹ ان کیخلاف تادیبی کارروائی کریگی ،وزارت قانون نے بھی ارشد ملک کو لاہور ہائی کورٹ واپس بھجوانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ قبل ازیں ارشدملک سویرے ہی اسلام آبادہائیکورٹ پہنچے جہاں وہ تقریباپانچ گھنٹے تک موجود رہے اوررجسٹراراسلام آباد ہائیکورٹ دفترسے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعدواپس چلے گئے ۔دوسری جانب چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3رکنی بینچ ارشد ملک ویڈیو کیس کا فیصلہ آج سنائیگا۔