اسلام آباد(نامہ نگار)جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد نے جج ویڈیوسکینڈل کیس میں ایف آئی اے کو چالان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے گرفتار ملزم میاں طارق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی ۔گزشتہ روزجوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جوادنے جج ویڈیوسکینڈل کیس کی سماعت کی ۔ ملزم میاں طارق کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پراسیکیوشن کی طرف سے کوئی نہیں آیا ، پتہ کریں اتنے دن گزر چکے ہیں چالان کیوں نہیں پیش ہوا۔ وکیل نیاز اعوان نے کہا کہ پہلے ہی اتنا وقت گزر چکا ہے ،مزید کتنے دن ایف آئی اے کو چاہئیں ، دوسرے ملزمان اس کیس میں بری ہو چکے ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ ان کا کیس اس سے مختلف تھا ، عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر چالان پیش نہ کیا تو ایف آئی اے کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔عدالت نے ملزم میاں طارق کو23 ستمبر تک واپس جیل بھجوا دیا۔