اسلام آباد (این این آئی)ایف آئی اے نے جج وڈیو کیس میں دہشت گردی کی دفعات لگانے کی حمایت کر دی۔ پیر کو جج وڈیو کیس میں دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کی۔دور ان سماعت ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر سید محمد طیب ایڈووکیٹ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے جج وڈیو کیس سے متعلق فیصلے کا اطلاق اس معاملے پر نہیں ہو گا، جج کو فیصلے کے لیے پریشرائز کرنا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے ۔ملزمان نے جج وڈیو کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کو چیلنج کر رکھا ہے ۔ایف آئی اے نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف ملزمان کی درخواست کی مخالفت کردی ۔بعد ازاں کیس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔ آئندہ سماعت پر بھی ایف آئی اے پراسیکیوٹر کے دلائل جاری رہیں گے ۔