اسلام آباد،ملتان (نامہ نگار ، 92نیوز رپورٹ ،جنرل رپورٹر)جج ویڈیوسکینڈل کے ایک اوراہم کردارمیاں رضا کو گرفتار کر لیاگیا ۔92نیوز کے مطابق ملزم ن لیگ کے تھنک ٹینک کاممبرہے ، لاہورمیں میاں رضا کے ڈیرے پرمیاں طارق نے اس کو ویڈیوفروخت کی تھی،میاں رضاکایہ ڈیرہ دھرم پورہ میں محکمہ اوقاف کی جگہ پرقائم ہے ۔ملتان سے جنرل رپورٹر کے مطابق ایف آئی اے نے جج ویڈیو سکینڈل کیس کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ملتان میں میاں طارق کے دفتر پر چھاپہ مار کرریکارڈ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا ۔ ایف آئی اے اسلام آباد ٹیم نے پولیس کے ہمراہ میاں طارق کے دفتر فوارہ چوک پر چھاپا مارا، دفتر بند ہونے کے باعث ایف آئی اے کے اہلکار تالے توڑکر داخل ہو ئے اور ریکارڈ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا،ریکارڈ میں کمپیوٹر سسٹم اور لین دین کے رجسٹر بھی شامل تھے ۔ادھر ایف آئی اے نے ملتان کے نشتر ہسپتال کی پارکنگ میں موجود میاں طارق کے زیر استعمال لینڈ کروزر بھی قبضے میں لے لی۔میاں طارق نے کار پارکنگ سٹینڈ میںجان بوجھ کر کھڑی کر رکھی تھی تاکہ اس پر کسی کہ نظر نہ پڑ سکے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ وہی گاڑی ہے جو میاں طارق کوجج کی ویڈیو فروخت کرنے کے عوض ملی تھی۔ علاوہ ازیں میاں طارق کی لوگوں کو دھمکانے کی ایک اور ویڈیو سامنے آ گئی ہے جس میںمیاں طارق کو رقم کیلئے آنے والے شخص کو گالیاں دیتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ میاں طارق اپنے اثر و رسوخ کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے ،رقم لینے والے شخص کو آفس سے نکال دیا جاتا ہے ۔ متاثرہ شخص نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کا کہتے ہوئے بتایا ہے کہ میاں طارق سے لاکھوں روپے لینے تھے ،تاہم اس نے رقم دینے سے صاف انکار کردیا ۔ مزیدبرآں طارق ٹی وی سنٹر سے ملحقہ دکانوں کے مالکان نے 92 نیوز سے گفتگو میںبتایا اس نے ہم سب پر مقدمات درج کرائے تھے جبکہ اس کے خود پر 10 سے زائد مقدمات درج ہیں جن میں سب سے مشہور تھانہ کوتوالی کا ہے ، میاں طارق نے اپنی دکان کی کروڑوں روپے کی انشورنس کرائی تھی،اس نے انشورنس سے پیسے بٹورنے کیلئے اپنی ہی دکان میں خاص ڈیوائس کے ذریعے بم دھماکہ کرایا۔ادھر ایف آئی اے نے ناصربٹ کی ڈھوک رتہ میں رہائشگاہ حاجی ہاؤس پر چھاپا مار کر اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں ۔ این این آئی کے مطابق جج ارشد ملک کی مبینہ قابل اعتراض وڈیو بنانے پر 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ناصر جنجوعہ، ناصر بٹ، خرم یوسف اور مہر جیلانی کو بھی گرفتار کیا جائے گا جبکہ میاں طارق محمود کوآج عدالت میں پیش کر کے مزید ریمانڈ لیا جائے گا۔