لاہور،اسلام آباد،کراچی(نامہ نگار خصوصی،خبر نگار، نیوز رپو رٹر، نمائندگان،92نیوز رپورٹ)ججز کیخلاف ریفرنسز پر ملک بھر میں وکلا احتجاج پر تقسیم ہوگئے مکمل کی بجائے جزوی عدالتی بائیکاٹ کیا گیا ،سپریم کورٹ میں وکلا نے شدید احتجاج کیا مرکزی دروازہ بھی بند کردیا ۔لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلا پیش ہوتے رہے ،کراچی میں عدالتوں کی تالہ بندی کی گئی جبکہ بلوچستان میں وکلا نے دھرنے دیئے اور نعرے لگائے ،احتجاج کی وجہ سے سائلین مشکلات کا شکاررہے ،صدر سپریم کورٹ بار امان اﷲ کنرانی نے علامتی ریفرنس کی کاپی نذر آتش کردی دوسری جانب وکلا ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل میرٹ پر فیصلہ سنائے ۔اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق سپریم کورٹ میں وکلا نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف حکومتی ریفرنسز کی سماعت کے مو قع پر مین دروازے کی سیڑھیوں پر دھرنا دیا ،سپریم کورٹ کے احاطہ میں مختلف بینرز آویزاں تھے شد ید نعرے بازی بھی کی گئی، تحریک انصاف کے سینئر رہنماحامد خان نے بھی احتجاج میں شرکت کی ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اﷲ کنرانی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کی علامتی کاپی کو جلا تے ہوئے کہا ہے کہ آج یوم یکجہتی ہے ،حکومت نے بدنیتی سے کام لے کر بلوچستان سے واحد جج کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے ، تمام وکلاایک صفحے پر ہیں،ایک جج کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے ،آج آواز دبائیں گے تو کل آپ کو بھگتنا پڑیگامیں آج کے بعد وکلااحتجاجی تحریک کی قیادت پاکستان بار کونسل کے وائس چیئر مین امجد شاہ کو سونپتا ہوں۔سینئر وکیل علی احمد کرد نے میڈیا سے گفتگو میں کہاایک چھوٹا سا گروہ تحریک کو سبوتاژکرنے کی کوشش کر رہا ہے میں سپریم جوڈیشل کونسل کو خبردار کرتا ہوں کہ یہ ریفرنس بد نیتی پر مبنی ہے ۔لاہور سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ہائیکورٹ سمیت لاہور کی ماتحت عدالتوں میں عدالتی امور معمول کے مطابق نمٹائے گئے جبکہ وکلاء کے ایک دھڑے نے ہائیکورٹ کے احاطے میں احتجاج ریکارڈ کروایا ۔92نیوز رپورٹ کے مطابق وکلا کی اکثریت نے سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال مسترد کر دی،اسلام آباد ہائی کورٹ اور ضلعی عدالتوں میں بھی کیسز کی سماعت ہوئی، سٹی کورٹ کراچی کے مرکزی دروازے پر لگایا گیا تالہ وکلا نے توڑ ڈالا،گوجرانوالہ بار نے بھی ہڑتال کرنے سے انکار کر دیا، حافظ آباد میں ہڑتال کی کال ناکام ہو گئی،ڈسٹرکٹ بار میرپور آزاد کشمیر نے بھی لاتعلقی کا اعلان کیا، گجرات ،کھاریاں، سرائے عالمگیر سمیت چند شہروں میں وکلا نے جزوی طور پر ہڑتال کی۔نمائندگان کے مطابق سکھرمیں جزوی ،حیدرآباد،نواب شاہ ،میر پور خاص ،کروڑ لعل عیسن میں مکمل بائیکاٹ کیا گیا ۔اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق سیکرٹری کوارڈینیشن وکلا ایکشن کمیٹی ہارون ارشاد جنجوعہ نے دیگر وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک بھر کی تقریبا تمام بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہڑتا کی کال ناکام ہوگئی ہے ۔ نیوز رپورٹر کے مطابق محمد احمد بابر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ بار ملتان کا اجلاس ہوا جس میں ہڑتال کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا۔