اسلام آباد(خبرنگار)سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت کیلئے 7 معمول کے اور ایک10 رکنی لارجربینچ تشکیل دیا گیا ہے ،10 رکنی فل کورٹ بینچ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر فریقین کی طرف سے صدارتی ریفرنس کے خلاف درخواستوں کی سماعت آج ساڑھے 11بجے کرے گا ۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کیلئے نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے ۔مراد علی شاہ کی اہلیت کے مقدمے کی سماعت کیلئے نیا بینچ بھی تشکیل دیا گیا ہے ، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بینچ 7نومبر کو سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بینچ کا حصہ ہوں گے ۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کیا تھا۔ روشن علی بریرو نے مراد علی شاہ کی نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ کے 23جنوری کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں مراد علی شاہ کو اقامے اور دہری شہریت کی بنیاد پرنااہل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔