کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ اورہائی کورٹس کے ججوں کی مدت ملازمت میں اضافے کی درخواست قابل سماعت ہونے پرمطمئن کرنیکا حکم دیدیاہے ۔منگل کودوران سماعت درخواست گزارمحمود اخترنقوی نے کہا کہ ملک کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں،آرمی چیف کی مدت ملازمت میں اضافے کے بعد ججوں کی مدت بھی بڑھائی جائے ۔عدالت نے کہا کہ یہ اختیارتوصرف پارلیمان کا ہے ،عدالت کیا فیصلہ دے سکتی ہے ،جسٹس محمد علی مظہرنے کہا کہ پارلیمان نے آئین نہیں بلکہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کی،ہماری مدت ملازمت آئین کے آرٹیکل 238 میں فکس ہے ، پہلے آپ عدالت کو مطمئن کریں کہ ہم یہ درخواست کیسے سن سکتے ہیں؟درخواستگزارنے کہا کہ میں نیک کام کیلئے آیا ہوں۔جسٹس محمد علی مظہرنے کہا کہ نیک کام تو ٹھیک مگر پہلے عدالت کو مطمئن کریں،درخواست گزارکا مؤقف ہے کہ سپریم کورٹ کے ججوں کی ملازمت کی عمر 65 سے 70 سال اورہائی کورٹ ججوں کی مدت ملازمت کی عمر 67 سال کی جائے ۔