اسلام آباد(نامہ نگار) صدر عارف علوی نے کہاہے کہ نوجوانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دستیاب مواقع سے بھر پور استفادہ کرناچاہیے ۔ وہ ایچ ای سی کے زیر اہتمام فنی تربیت کے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ صدر نے کہاکہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، تعلیم اور صنعت کے شعبوں میںتعاون قابل تحسین ہے ، اس قسم کا اشتراک کار صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بہت معاون ہوتا ہے ،انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا ایک دوسرے کے قریب تر آرہی ہے ، پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کرنیکی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ایچ ای سی کا اہم کردار ہے ، ٹیکنالوجی کے استعال سے مسائل کا فوری حل ممکن ہے ،تعلیم کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کا حصول آسان ہو گا۔ این این آئی کے مطابق صدر سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے الوداعی ملاقات کی۔ عارف علوی نے جنرل عمر محمود کی پیشہ وارانہ خدمات خصوصاً بطور چیئرمین این ڈی ایم اے کام کو سراہا۔