جدید ہتھیاروں سے لیس ایئر کرافٹ اور خود کارڈرونز پاک بحریہ کے فضائی ونگ میں شامل کر لئے گئے ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ جدید ہتھیاروں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا اور آپریشنز میں بہتری آئے گی۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جنگوں اور ہر کڑے وقت میں پاک بحریہ نے وطن عزیز کے دفاع اور سالمیت کے لئے اپنی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور خود کو ہمیشہ ایک ناقابل شکست فورس ثابت کیا ہے۔ خصوصاً پلوامہ حملے کے بعد دشمن کی طرف سے پیدا کی جانے والی کشیدہ صورت حال کے دوران پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر ثابت کر دیا کہ وہ دشمن کی طرف سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔جدید ہتھیاروں سے لیس ایئر کرافٹ، خودکارڈرونز کی شمولیت علاقے کو درپیش موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں نہ صرف ایک اہم قدم ہے بلکہ اس سے پاک بحریہ کا فضائی ونگ بھی زیادہ محفوظ و مامون ہو گیا ہے ۔ اس سے اس کی استعداد کار میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔ وطن عزیز کو درپیش بیرونی چیلنجوں کے تناظر میں ہمیں اپنی بحری سرحدوں کو بھی مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے قریبی دشمنوں کی ممکنہ مہم جوئی ‘ خلیج میں بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کے لئے اپنی تینوں مسلح افواج کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کرنا ضروری ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں وطن عزیز کے بھرپور دفاع کو ممکن بنایا جا سکے۔