اسلام آباد(اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پاکستان اور جرمنی کے مابین پارلیمانی، اقتصادی اور تجارتی سطح پر روابط کے استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا انتہائی ضروری ہے ۔گزشتہ روزڈپٹی چیئرمین سینٹ نے جرمن سفیر سفیر مارٹن کوبلر سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگومیں کہا کہ پارلیمانی سطح پر روابط مسائل کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ، دونوں ملکوں کے پارلیمانوں میں موجود دوستی گروپوں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ جرمن سفیرنے بھی دونوں ملکوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی کی شہرت یافتہ لفتھانسا ایئر لائن بھی پاکستان سے اپنی پروازوں کا آغاز کرنے کی خواہش رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر جرمنی سے ایئرلائن کے حکام کی ٹیم جائزہ لینے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔