تہران (این این آئی)ایرانی صدر حسن روحانی نے اس بارے میں امید پسندی کا اظہار کیا ہے کہ ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی اور تہران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے سے متعلق بات چیت کامیاب رہے گی۔ روحانی کے مطابق اب اس بات چیت میں صرف تفصیلات پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے ۔دریں اثناء ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ 2015 میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی میں مدد دیناامریکہ کی ذمے داری ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم ویانا میں جوہری سمجھوتے کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں لیکن یہ بات یادرکھنے کی ضرورت ہے کہ یہ سب عمل کیسے شروع ہوا تھا۔تین سال قبل آج کے دن ایک بے توقیر مداری نے امریکہ کی ذمے داریوں سے انحراف کیا تھا۔ان کا اشارہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب تھا۔انھوں نے مزید لکھا کہ آج صدر بائیڈن کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیاامریکہ لاقانونیت ہی کو جاری رکھے گا یا قانون کی پاسداری کرے گا۔