لاہور (نامہ نگارخصوصی) نومنتخب وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابدساقی نے کہا ہے ججز کی تعیناتیوں کا موجودہ طریقہ کار منظورنہیں،جوڈیشل کمیشن میں ججز، اراکین پارلیمنٹ اور وکلا کی یکساں نمائندگی ہونی چاہئے ۔لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل اور پنجاب اور لاہور بار کی نئی قیادت کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستان بار کونسل کے نومنتخب وائس چیئرمین عابد ساقی، نومنتخب عہدیداران لاہور بار، وائس چئیر پنجاب بار کونسل اکرم خاکسار اور چئیر مین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ا ور وکلا کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار حفیظ الرحمن چودھری ودیگرنے نومنتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابدساقی نے کہا اپنے ہی چیمبرز سے ججز کی تعیناتیاں اورججوں کا کنسورشیم ناقابل قبول ہے ،ہمیں مل کر تاریکی کو ختم کرنا ہے ،اگروکلا نے علم وقلم چھوڑ دیا تو تاریکی اوربڑھ جائے گی،وکلا کو تشدد سے اجتناب کرنا ہے ،ان کا فن دشنام طرازی نہیں ،یونیفارم پہن کر فائرنگ کرنے والوں کی ہمارے پیشے میں گنجائش نہیں،ساتھ دینے والے وکلاء کا شکر گزار ہوں،وکلاکوہڑتال کے کلچر کابھی خاتمہ کرنا ہوگا۔چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بارکونسل جمیل اصغربھٹی نے کہا بار میں نئی روایات کو جنم دیں گے ،پنجاب بھر کے وکلاء کو بائیومیٹرک نظام پر اگلے تین ماہ میں منتقل کردیا جائے گا۔ نومنتخب عہدیدار وکلا کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کریں گے ۔