اسلام آباد(خبر نگار)پارلیمانی کمیٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی توثیق کردی۔جسٹس مظہر علی اکبر نقوی لاہور ہائیکورٹ میں سنیارٹی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہیں اور اعلٰی عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن نے پانچ مارچ کو اکثریتی فیصلے کے ذریعے ان کی سپریم کورٹ میں تقرری کی سفارش کی تھی۔ آئین کے تحت پارلیمانی کمیٹی پابند ہے کہ 14دن کے اندر جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی توثیق یا اسے مسترد کرے ،مقررہ آئینی مدت گزر جانے کے بعد اگر پارلیمانی کمیٹی کوئی فیصلہ نہ کرے تو جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کو از خود حتمی حیثیت حاصل ہوجاتی ہیں۔پارلیمانی کمیٹی کی تو ثیق کے بعد وزیر اعظم کی منظوری سے سمری صدر مملکت کو بھیجی جاتی ہے اور صدر مملکت کی منظوری کے بعد تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جاتاہے ۔