لاہور(نامہ نگار خصوصی)سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس منظور احمد ملک کی زیرصدارت پنجاب کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کی کارکردگی کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں آئی جی پنجاب کو اشتہاری ملزمان کو جلد گرفتار کرنے اور یہ گرفتاریاں یقینی بنانے کا حکم دیدیا گیا۔ جسٹس منظور احمد ملک نے حکم دیا عدالتوں میں تفتیشی افسران کو بروقت چالان پیش کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں ۔اجلاس میں چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان ،چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، تمام سی سی پی اوز اور آر پی اوز نے بھی شرکت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کی کارکردگی سے آگا ہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالتیں سنگین نوعیت کے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں گی۔اجلاس میں پنجاب پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور بروقت ملزمان کے چلان عدالتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔