ٹریفک پولیس نے جشن آزادی پر ون ویلر زکے خلاف شکنجہ تیار کر لیا ہے‘ اس مقصد کے لئے مال روڈ‘ جیل روڈ‘ فیروز پور روڈ ‘ علامہ اقبال روڈ‘ مین بلیوارڈ‘ گلبرگ‘ کینال روڈ سمیت کئی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے تعینات کئے جائیںگے‘ سی ٹی او لاہور نے خبردار کیا ہے کہ ون ویلرز کی موٹر سائیکل تیار کرنے والے مکینک اور ون ویلرز کے خلاف مقدمہ درج ہو گا اور انہیں جیل بھیجا جائے گا۔ اس میں شبہ نہیں کہ ہر سال جشن آزادی کے موقع پر ون ویلرز اپنی موٹر سائیکلوں کے سائلنسرز اتارکر ون ویلنگ کرتے ہیں۔ یہ لوگ نہ صرف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ یہ دیگر گاڑی والوں اور راہگیروں کیلئے بھی بڑے نقصانات کا باعث بنتے ہیں‘ بلا شبہ جشن آزادی خوش کا موقع ہے اور نوجوانوں کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے لیکن ایک پہیے پر موٹر سائیکل چلا کر اور گاڑیوں کے سائلنسر نکال کر خوشی کا اظہار کرنا با شعور قوموں کا شیوہ نہیں ۔ جشن آزادی کامطلب شور شرابہ اور بے ہنگم دھما چوکڑی مچانا نہیں‘ زندہ قومیں اپنی آزادی کا اظہار بھی تدبر، سلیقے اور متانت سے کرتی ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ پولیس کو ہر سطح پر ون ویلرز کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو، جو لوگ ون ویلرز کا مظاہرہ کریں انہیں پکڑ کر جیلوں میں ڈالا جائے تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی حرکت نہ کرے۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روکیں کیونکہ اس میں ان کے بچوں کی جان کوخطرہ ہے۔