اسلام آباد،کراچی(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی بینک اکاؤنٹس سکینڈل میں سابق صدرمملکت و شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی سینئرممبر بورڈ آف ریونیوسندھ اور سابق سیکرٹری سندھ آفتاب میمن کو اسلام آباد سے گرفتارکرلیا جبکہ جعلی اکائونٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں قائم جے آئی ٹی نے آصف زرداری اور انکی بہن فریال تالپور کی75 جائیدادوں کا سکیننگ ریکارڈ طلب کر لیا۔گزشتہ روز نیب نے گرفتاری کے بعد آفتاب میمن کو احتساب عدالت نمبرایک کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا ۔ نیب کی جانب سے ملزم آفتاب میمن کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی او موقف اختیار کیا گیا کہ تحقیقات کرنی اور بہت ساراریکارڈحاصل کرناہے جو ملزم کی گرفتاری اور جسمانی ریمانڈ کے بغیرممکن نہیں۔ جج محمد بشیر نے نیب وکیل سے سوال کیا آپ ریمانڈ کیوں لینا چاہتے ہیں؟۔ جس پر نیب وکیل نے جواب دیا ہم نے مزیددستاویزات حاصل کرنی ہیں۔ ملزم نے قانون کی خلاف وزری اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ملیر سکیم کے سیکٹر40میں 7ایکڑ زمین منتقل کی اور قومی خزانے کو 80 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔ ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیاجائے تاکہ ریکارڈ کی معلومات حاصل کی جاسکے ۔وکیل صفائی نے کہا کہ 3 ایکڑ اراضی میں سے 7 ایکڑ منتقل کی گئی اور منتقلی ایک کمیٹی کے فیصلے پر کی گئی جس میں ہائیکورٹ کے سابق جج بھی شامل تھے ۔ اراضی تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے پر منتقل کی گئی۔احتساب عدالت نے دلائل سننے کے بعد آفتاب میمن کو 13روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا جبکہ ریمارکس دیئے کہ زمین کی الاٹمنٹ میں شامل دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کیا جائے ۔عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل آفتاب میمن کا طبی معائنہ کرا کر میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔خیال رہے کہ آفتاب میمن کے ڈی اے کے سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے آفتاب میمن پر سات ایکڑ سرکاری اراضی غیر قانونی طور پر ایک شخص کے نام الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی اکاونٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں قائم جے آئی ٹی نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی جائیدادوں کا سکیننگ ریکارڈ انسپکٹر جنرل مائیکرو فلمنگ بورڈ آ ف ریونیو سندھ سے طلب کرتے ہوئے انہیں ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔جے آئی ٹی کی جانب سے جاری خط میں انسپکٹر جنرل مائیکرو فلمنگ بورڈ آف ریونیو کو 75 کھاتوں کا سکیننگ ریکارڈ لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دستاویزات کے مطابق تمام کھاتے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے نام پر ہیں، زمینوں اور جائیداد کے سکیننگ ریکارڈ انٹری کا تعلق ٹنڈوالہ یار، بدین، حیدرآباد، لاڑکانہ، بینظیر آباد اورکراچی جنوبی سے ہے ۔