کراچی (92 نیوزرپورٹ) جعلی بنک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ سکینڈل میں پہلا ریفرنس تیار ہوگیا ۔ نیب ذرائع کے مطابق پنک ریذیڈنسی ریفرنس رواں ماہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔ ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں چئیرمین نیب سے ریفرنس کی حتمی منظوری لی جائے گی۔ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت سندھ کے سرکاری افسران بھی ملزمان میں شامل ہیں،ملزمان پر سندھ کی سرکاری زمینیں غیر قانونی طور پر الاٹ کرکے جعلی بنک اکاونٹس سے ادائیگوں کا الزام ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے جعلی اکاونٹس کے ذریعے ادائیگیوں سے قومی خزانے کو کروڑں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ذرائع کے مطابق پارک لین اور بلٹ پروف گاڑیوں کے ریفرنس کی تحقیقات بھی حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، تحقیقات مکمل ہونے پر ریفرنسز دائر کیے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے سندھ بینک حکام کا بیان ریکارڈ کر لیا۔ اومنی گروپ کی بنک آف سندھ کے ذریعے ہونے والی رقوم کی منتقلی کی تفصیلات بھی نیب کو موصول ہو گئی، بنک حکام کے بیان کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔ نیب نے کیس پر پیشرفت کے حوالے سے رپورٹ مرتب کر لی جو آج سپریم کورٹ میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے جعلی بنک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ سکینڈل میں 26مارچ کی بجائے آج نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا،ڈی جی نیب راولپنڈی خودبیان ریکارڈکرینگے ،مرادعلی شاہ نیب کے اولڈ ہیڈکوارٹرمیں پیش ہونگے ۔ مرادعلی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھی دیاجائیگا۔