اسلام آباد (صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) جعلی بینک اکائونٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے ابتدائی رپورٹ تیار کر کے نیب ہیڈکوارٹرزکو بھجوا دی ہے جوآج (پیر) کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرا دی جائیگی۔تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے اور16 مقدمات کی چھان بین بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے ابتدائی رپورٹ تیار کر کے نیب ہیڈکوارٹرز بھجو ائی جسے پراسیکیوٹر جنرل نیب آج (پیر ) سپریم کورٹ میں جمع کر ائینگے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیب نے سپریم کورٹ کی طرف سے بھیجے گئے جعلی اکائونٹس کیس میں جن 16 ریفرنسز کو دائر کرنے کی سفارش کی تھی انکی چھان بین شروع کر دی گئی ہے اور مختلف اداروں کو ریکارڈ کے حصول کیلئے خطوط لکھے گئے ہیں جن میں سٹیٹ بینک آف پاکستان، ایس ای سی پی اور ایف بی آر شامل ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احسان صادق کی سربراہی میں جعلی اکائونٹس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے بھی نیب ٹیم کو جوائن کر لیا ہے اور اب دونوں ٹیمیں مل کر جعلی بینک اکائونٹس کیس کی تفتیش کر رہی ہیں اور آئندہ پیش رفت رپورٹ دوبارہ 15 دن بعد عدالت میں جمع کرائی جا ئیگی۔