لاہور( حافظ فیض احمد) محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی بڑی کارروائی، جعلی دستاویزات تیار کر نے والے ماسٹر مائنڈ اشٹام فروش نعیم بیگ کو خواتین کی 4کروڑ روپے سے زائد مالیت کی زمین ہتھیانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو روز قبل بیوہ خاتون کے نام پر بوگس کاغذات تیار کر کے 10کروڑ روپے مالیت کی جائیداد سے محروم کرنے والے ملزم رفاقت علی کو گرفتار کیا گیا تھا ، علاوہ ازیں جوہر ٹائون میں ایک بیوہ خاتون کے گھر سے پلاٹ کی اصل فائل چوری کرانے اور اس کی جعلی دستاویزات تیار کر کے فراڈ کرنے والے ملزم خرم شوکت سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر لیا تھا اینٹی کرپشن نے چھاپہ مار کر مرکزی ملزم خرم شوکت کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔، اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں جعلی دستاویزات تیار کر کے اوور سیز کے ساتھ فراڈ کرنے والے گروہ کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور جلد انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔