بھارت کی جانب سے ایک منظم منصوبے کے تحت 265جعلی نیوز سائٹس کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارت اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل اور خطہ میں اپنی بالادستی قائم کرنے کے لئے پاکستان کے خلاف مختلف محاذ کھولے ہوئے ہے۔ افغانستان کی سرزمین سے افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کی معاونت سے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دی جا رہی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں جارح فوج کی بربریت پر پردہ ڈالنے کے لئے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی معمول بن چکی ہے۔ یہی نہیں مودی پاکستان کو بنجر کرنے کے لئے دریائوں کا رخ موڑنے کی دھمکی دیتے ہیں تو بھارت سرکار پاکستان کو معاشی مسائل سے دوچار کرنے کے لئے ایف اے ٹی ایف میں اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ماضی میں بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی پاکستان کو ثقافتی یلغار کے ذریعے فتح کرنے کی بات کر چکی ہیں تو موجودہ مودی حکومت ممبئی حملے سے لے کر پلوامہ ڈرامے تک پاکستان پر میڈیا وار مسلط کر کے عالمی سطح پر تشخص مجروح کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس کا ثبوت پلوامہ واقعہ کے بعد اقوام متحدہ کا بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کرنا ہے۔ اب یورپی تھنک ٹینک یورپی یونین انفو لیب نے دنیا بھر میں بھارتی سرپرستی میں 265جعلی نیوز سائٹس کے ذریعے پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے کے مذموم منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔ بہتر ہو گا حکومت بھارتی پراپیگنڈہ یلغار کے مقابلے کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کرے تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔