لاہور(کلچرل رپورٹر) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک)، محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام عظیم صوفی شاعر سید وارث شاہؒ کے 222 ویں سالانہ عرس کے موقع پر ان کے مزار واقع جنڈیالہ شیر خان، شیخوپورہ ایک محفل عارفانہ کلام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل پلاک ڈاکٹر صغرا صدف، ڈائریکٹر محمد عاصم چودھری، ڈپٹی ڈائریکٹر خاقان حیدر غازی، شفاعت عباس اور دیگر سٹاف کے علاوہ زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل عارفانہ کلام میں معروف شاعر ویر سپاہی نے ہیروارث شاہ تحت اللفظ مع تشریح پیش کی اور باباگروپ (حسنین اکبر و اسلم باہو) نے ہیر وارث شاہ اپنے مخصوص انداز میں پیش کرکے خوب داد وصول کی۔ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغرا صدف کے ہمراہ پلاک کے سٹاف و دیگر زائرین نے سید وارث شاہ کے مزار پر چادر پوشی کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ بعد ازاں زائرین ڈھول کی تھاپ پر دھمال بھی ڈالتے رہے ۔