اسلام آباد(خبر نگار)عدالت عظمٰی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف آئینی پٹیشن پر سماعت مارچ کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی ہے ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ مطمئن کریں کہ جب سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو آئینی تحفظ حاصل ہے تو پھراس کے فیصلے کے خلاف درخواست کو کیسے سنا جاسکتا ہے ؟جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ زیر غور معاملے سے متعلق دیگر درخواستوں کویکجاکردیا جائے ۔ وکیل رشید اے رضوی نے کہا سپریم کورٹ کے ایک اور لارجر بنچ کے سامنے بھی اسی نوعیت کا معاملہ زیر غور ہے اس لئے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے ، اٹھائے گئے سوالات کا جواب آجائے گا۔جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے کہا مناسب بھی یہی ہوگا کہ 10رکنی لاجر بنچ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے ۔