لاہور(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر ورکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی سیاسی انتقام کی پالیسی معاشی عدم استحکام کی وجہ ہے اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ مڈٹرم انتخابات جلد ہونے چاہیے ہماری پیپلزپارٹی سمیت تمام جماعتوں سے رابطہ ہے اور اب صرف اے پی سی کی دیر ہے ،وکلا نے پی آئی سی واقعہ پر معافی مانگ لی تو پھر معاملہ ختم ہو جانا چاہیئے ، قومی حکومت کے بارے میں میں نے بھی سنا ہے لیکن اس کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں وکلا کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عمیر بلوچ اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے منتخب جنرل سیکرٹری ہیں ،میں عمیر بلوچ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب یہاں سے گئے تو ریکارڈ پر موجود ہے کہ یاسمین راشد خود کہا کرتی تھیں کہ نواز شریف کے ٹیسٹ اور علاج ملک میں نہیں ہو سکتا ،پنجاب حکومت ضمانت دینے یا نہ دینے کا اختیار نہیں رکھتی۔ پارٹی کی لیگل ٹیم پنجاب حکومت کے فیصلے پر غور کر رہی ہے اور وہی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرے گی ۔ عمیر بلوچ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی بہادری کو سلام انہیں اپنی بار کی اعزازی رکنیت پیش کرتا ہوں ۔