اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، این این آئی ، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے آئندہ چند ماہ میں ملک میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئے گی،تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے ۔ منگل کو پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ ملاقات کرنے والوں میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ممبر قومی اسمبلی علی زیدی ،فیصل ووڈا،عامر لیاقت ،رمیش لعل ،عبد الشکور شاہد،آفتاب حسین صدیقی ،آفتاب جہانگیر ،صائمہ ندیم ،عالمگیر خان،نجیب ہارون شامل تھے ۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے ایم این ایز نے کراچی کے مختلف ایشوز جس میں پینے اور سیوریج کے پانی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے وزیراعظم کو دیوالی کا کیک کاٹنے کی دعوت دی جس پر وزیراعظم نے پارٹی اراکین کے ہمراہ دیوالی کا کیک کاٹا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم آفس میں وزارت دفاعی پیداوار کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹنٹ جنرل(ر) اعجاز چودھری نے وزیر اعظم کو وزارت اور اس سے منسلک اداروں کے فرائض اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت وزارت دفاعی پیداوار کی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے میں ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کرے گی،گوادر شپ یارڈ کی تعمیر کے لئے مکمل تعاون کرینگے ۔ دریں اثنا یورپی یونین پارلیمان کے صدر انتونیو تاجانی نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔وزیر اعظم نے یورپی یونین کے صدر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا آسیہ بی بی کو وہ تمام حقوق ملیں گے جس کی آئین اجازت دے گا۔ آسیہ بی بی کے معاملے پر ہم عدالت کے احکامات کی عزت کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے تمام مذاہب کے باہمی احترام کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر پر تشویش کا اظہار کیا جس پر یورپی یونین کے صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔۔ مزید برآں وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب او ر خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس میں بلدیاتی نظام کی تنظیم پر غورکیاگیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کر سکے ،نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ دیہات کی سطح پر خرچ ہوگا،اس نظام کا واحد مقصد عوام کی فلاح و بہبود ان کو اپنی ترجیحات کے مطابق کرانا ہے ۔ وزیراعظم سے گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اﷲ خان نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بالخصوص بلوچستان کے سیاسی وامن ومان کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم سے رکن قومی اسمبلی فخر امام نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔