نوشہرہ (نمائندہ92 نیوز)وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے انتخابات میں تحریک انصاف اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے اور5 آزادارکان نے بھی حکومت کے ساتھ رابطے کئے ہیں ،قبائلی عوام کے تحریک انصاف کے حق میں فیصلے سے تمام شکوک دور ہوچکے ہیں،قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر قبائلی عوام، سیکورٹی فورسز،الیکشن کمیشن، پولیس اور انتظامیہ مبارک باد کے مستحق ہے ، عمران خان پر عوام اور نوجوان نسل کا اعتماد ہے اور اس فیصلے نے عمران خان کی پالیسیوں کی توثیق کردی ،عمران خان کا دورہ امریکہ پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اترے گا ،عمران خان کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیں گے برابری کی بنیاد پر پاکستان کی حقیقی تصویر اجاگر کریں گے اور برابری کی بنیاد پر بات کریں گے معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن بہت جلد اچھا وقت آنے والا ہے وہ نوشہرہ میں مختلف تقریبات میں خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے عوام نے مخالفین کی آنکھیں کھول دی ہیں انہوں عمران خان اور وزیراعلی محمود خان کی حکومت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ بحثیت وزیر اعلیٰ میں نے اس صوبے میں جو اصلاحات کی عوام نے ان کا خیر مقدم کی۔ اس سے قبل 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو دو تہائی سے زیادہ اکثریت د لائی اب قبائلی اضلاع کے انتخابی نتائج سے پی ٹی آئی بڑی جماعت بن کر ابھری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ آزاد ارکان کے پی ٹی آئی کے ساتھ رابطے ہیں دو تین دن میں وہ پی ٹی آئی کا حصہ بن جائیں گے اور اس طرح اپوزیشن کو اپنی حیثیت کا خود اندازہ ہوجائے گا۔