لاہور(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنر ل لیاقت بلوچ نے عمران خان کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوان ، سوشل میڈیا اور سرگرم کارکنان نے مسلسل اور انتھک محنت کی ، اب اپوزیشن کا مرحلہ گزر گیا اور وعدوں و اعلانات کی تکمیل کا مرحلہ شروع ہوگیاہے ۔ جماعت اسلامی حکومت کے اچھے کاموں ، عوامی فلاحی پروگرامز ، اسٹیٹس کو توڑنے ، قومی معیشت کو سود کی لعنت سے نکالنے کے اقدامات کا خیر مقدم اور تحسین کرے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات پر ہمیشہ تحفظات موجود رہتے ہیں المیہ ہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخاب میسر نہیں ۔ دھاندلی ، انجینئرڈ انتخاب، من پسند نتائج ہمیشہ حقیقت ہی ہوتے ہیں اس کے باوجود حکومتیں قائم ہوتی ہیں ۔ آئینی عرصہ گزارتی ہیں لیکن عزت و وقار ، جمہوری استحکام بہر حال شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات سے ہی آئے گا ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات دھاندلی زدہ ہیں، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جماعت اسلامی کے سالانہ آڈٹ شدہ حسابات جمع کرادیے ہیں ۔ اس موقع پر شعبہ پارلیمانی امور کے انچارج سیف اﷲ گوندل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ۔