کراچی (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ معیشت کی تباہی ، عوام کی بد حالی ، بدترین مہنگائی ، صوبوں اور شہروں میں بڑھتی ہوئی احساس محرومی موجودہ حکومت کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہے ، حکومت کے 870دن نا اہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں اور موجودہ اپوزیشن نے ان 870دنوں میں حکومت کا ساتھ دیا ۔ اپوزیشن کا نظریہ ، ایجنڈا اور پروگرام ایک نہیں لیکن حکومت کی پالیسیوں اور غلطیوں نے اپوزیشن کو ایک کردیا ۔ نیب عدلیہ کے متوازی ادارہ بن گیا ہے اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بھی کہہ رہے ہیں کہ نیب اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کر رہا ہے ۔ آئی ایم ایف ، ورلڈ بینک اور ایف اے ٹی ایف کے دباؤ پر قانون کے ذریعے ملک اور قوم کو مستقل گروی رکھ دیا گیا ہے ، پی ٹی آئی کی حکومت صرف کاغذوں پر ہے زمین پر کہیں نہیں ہے ، جماعت اسلامی نے کراچی کے مسائل کے لیے 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ایک بڑے اور تاریخی مارچ کا اعلان کیا ہے ، اتوار کے روز کراچی میں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کراچی بھی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے ،ایم کیو ایم بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ اقتدار میں رہی اور اب پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت میں ہے ۔ ان تینوں حکمران پارٹیوں نے کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا ،جماعت اسلامی ہی حقیقی اپوزیشن ہے ۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی ، شراب کی بندش کے قانون ، تحفظ ناموس رسالت کے قوانین پر بھی سب ایک ہیں ، میڈیا کے ساتھ جو سلوک اس حکومت کے دور میں ہورہا وہ تو مارشل لاکے دور میں بھی نہیں ہوا، اب حکومت خود بتائے کہ اس کے باقی رہنے کا کیا جواز ہے ۔