لاہور(سٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ بد اخلاقی کے واقعات میں زور بروز اضافہ باعث تشویش ہے ۔ بھابھڑہ ناگرہ گلبرگ میں سات سالہ معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو تین روز میں گرفتار نہ کیا گیا تو ہم عوامی مارچ کرتے ہوئے گورنر ہاوس اور وزیراعلیٰ ہاوس کی طرف مارچ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچی کے والد اور اہل علاقہ کے جرگے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حلقہ پی پی 160کے امیر احمد سلمان بلوچ ،جے یو آئی کے جنرل سیکرٹری قدیرشکیل ،راناناظم،سعید ناگرہ،قار ی ساجد،محمد ایوب،نصیر چودھری اور معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالمی سروے کے مطابق پاکستانی سب سے زیادہ غیراخلاقی سائٹس کو دیکھنے والے ہیں،یہ بہت خطرناک صورتحال ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بے راہ روی پھیلانا ایک سوچی سمجھی سازش ہے قوم کو اس کاادراک کرنا ہوگا ۔