لاہور(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے صوبائی اور قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ساتھ نہ دینے کا اعلان کردیا۔مرکزی شوریٰ کے اجلاس کے بعد منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے ماتھے پر دھاندلی کا بہت بڑا بدنماداغ ہے ۔ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات کو استعمال کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ الیکشن سے پہلے قوم کو دو پارٹیوں میں تقسیم کردیا گیا ۔ ہم نے ملک کے استحکام اور جمہوریت کی بقا کے لیے ان انتخابات کو قبول کیا ۔ عمران خان کی حکومت کا امتحان شروع ہورہاہے ، اگر حکومت اچھے کام کرے گی تو تعریف کرنے میں بخل سے کام نہیں لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ہم مسلم لیگ یا پیپلز پارٹی کی ڈکٹیشن کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ ہم ملک میں جمہوریت کا فروغ اور استحکام چاہتے ہیں تاکہ ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہوسکے ۔عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں پی ٹی آئی حکومت کے پہلے 100 دنوں کے ایجنڈے کا جو اعلان کیا ہے ، اب اس ایجنڈے پر عمل کرنے کا وقت آگیاہے ۔عمران خان نے پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے ، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے ، پچاس لاکھ لوگوں کو چھت مہیا کرنے ، سود کے خاتمہ اور معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے چنگل سے نکالنے کے جس عزم کااظہار کیاہے ، قوم منتظر ہے کہ اس پر کس حد تک عمل ہوتاہے ۔