لاہور(92 نیوز رپورٹ،سٹا ف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خواتین کو حق وراثت، حق ملکیت، حق نکاح ، حق تعلیم وملازمت دینے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کی محرومی اور مفلوک الحالی کے خاتمہ کا واحد حل اسلام کے زریں اصولوں پر پاکستانی معاشرہ کی تعمیر ہے ۔ مال روڑ پر عالمی یوم خواتین کے موقع پر جماعت اسلامی خواتین ونگ کی جانب سے نکالی گئی’’ استحکام خاندان ‘‘ ریلی کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی معاشرہ میں گنے چنے لوگوں کی جانب سے حقوق خواتین کے نام پر مغربیت کو پھیلانے کے کلچر کی حوصلہ شکنی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے باوجود ملک میں ونی،قرآن سے شادی اور کاروکاری جیسی فرسودہ رسوم موجود ہیں۔ جہیز کی لعنت کا خاتمہ نہیں ہوا۔ غریب کی بیٹی جہیز نہ ہونے کی وجہ سے گھر میں بیٹھی بوڑھی ہوجاتی ہے ۔ خواتین کو تعلیمی اور کام کرنے والے اداروں میں ہراساں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عورت کی آزادی کامطلب اسے تعلیم و صحت کی سہولتوں اور روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور اس کی عزت و ناموس کا تحفظ ہے ناکہ شرم و حیا اور حرمت کا خاتمہ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاگیرداری اور وڈیرہ شاہی نظام میں خاتون کا استحصال ہورہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔استحکام خاندان ریلی کا آغاز ناصر باغ سے ہوا جو انارکلی پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی خواتین کی رہنما ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی ، ناظمہ ضلع لاہور ڈاکٹر زبیدہ جبین اور دیگر نے کی۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر جماعت اسلامی خواتین ونگ کی جانب سے کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔